شیخوپورہ (پنجاب پوسٹ) شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر نظریہ پاکستان فورم کے زیرِ اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں مقررین نے علامہ اقبال کی فکر، انقلابی شاعری اور فلسفہ خودی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں شہر کی سیاسی، سماجی اور تعلیمی شخصیات، اساتذہ، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور طلبہ نے شرکت کی۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خودی، خودداری اور آزادی کا درس دیا اور ایک آزاد وطن کا خواب پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر ہے، جبکہ فکرِ اقبال محض شاعری نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے افکار و نظریات سے روشناس کروا کر ان پر عمل کرنے کی ترغیب دی جائے تاکہ ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔













