سیالکوٹ(پنجاب پوسٹ)یومِ اقبال کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے اقبال منزل میں منعقدہ کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی تعلیمات پر عمل ہی دنیاوی و اخروی کامیابی کی ضمانت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی فکر اور جدوجہد کی بدولت آج قوم آزاد فضا میں سانس لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو خوابِ غفلت سے بیدار کیا اور انہیں ایک الگ وطن کا واضح تصور دیا، جس کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیاوی و اخروی کامیابی کے لیے مفکرِ پاکستان کے افکار اور تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ کلامِ اقبالؒ کا مطالعہ کریں، خودی، محنت، اتحاد اور کردار سازی کے پیغام کو اپنائیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب کی زیرِ نگرانی اقبال منزل کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمارت کا بیرونی حصہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ بقیہ کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کے مطابق بحالی کا کام مکمل ہوتے ہی یہ تاریخی عمارت طویل عرصے کے لیے محفوظ ہو جائے گی اور آنے والی نسلیں اس قومی ورثے سے استفادہ کر سکیں گی۔
تقریب میں مختلف محکموں کے افسران، علمی و ادبی شخصیات، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں علامہ اقبالؒ کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔













