سیالکوٹ (پنجاب پوسٹ)شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کی تقریبات کا سلسلہ سیالکوٹ میں اقبال منزل میں جاری ہے، جہاں ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
علامہ اقبال کے پوتے منیب اقبال نے الصبح اقبال منزل میں کیک کاٹ کر تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر اقبال منزل کے عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منیب اقبال نے نوجوانوں کو مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کے "پیغامِ خودی” پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کا فلسفہِ خودی ہی نوجوانوں کی کامیابی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی ذات کی پہچان کریں اور اقبال کے افکار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔













