وزیراعظم لون اسکیم:قرض کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی، قرض کیسے ملے گا ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی ہے، جبکہ قرض کے حصول کے لیے کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کر دی گئی ہے۔ یہ اسکیمیں نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے اور زراعت کے شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے آسان اقساط پر قرض فراہم کرتی ہیں، جبکہ خواتین کے لیے بھی 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں گے۔

لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وزیراعظم یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسکیموں کی اب تک کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرض فراہمی کے پروگرام میں خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں تاکہ معاشی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھائی جا سکے۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی عمر کی حد 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لون اسکیموں پر قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی جائے۔ یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون اسکیموں کے تحت یہ ذاتی قرضے آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

شہباز شریف نے ہدایت دی کہ سمیڈا (SMEDA) نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، کاروباری مشاورت سمیت تکنیکی معاونت فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے اب تک 5 لاکھ 81 ہزار 341 نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا جا چکا ہے۔ اس عرصے میں مجموعی طور پر 313.9 ارب روپے کے قرضے دیے گئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق 2026-27 کے دوران 2 لاکھ 66 ہزار 700 نوجوانوں کو 292 ارب روپے کے قرضے دینے کا تخمینہ ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے