اسلام آباد (پنجاب پوسٹ)وفاقی حکومت کی جانب سے نئی آٹو پالیسی 31-2026 متعارف کرائے جانے کے بعد ملک میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔ نئی پالیسی میں گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے، الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کے استعمال کو فروغ دینے، مقامی سطح پر گاڑیوں اور ان کے پرزہ جات کی تیاری بڑھانے اور آٹو سیکٹر کی برآمدات میں اضافے کو اہم ترجیحات قرار دیا گیا ہے۔
حکومتی اعلان کے مطابق لگژری گاڑیوں کے سوا دیگر تمام گاڑیوں کی قیمتوں میں بتدریج کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ کمی فوری نہیں ہوگی۔ درآمدی ڈیوٹیوں میں مرحلہ وار کمی کے نتیجے میں آئندہ 5 سال کے دوران قیمتیں کم ہونے کی توقع ہے۔ ابتدائی تخمینوں کے مطابق چھوٹی پیٹرول گاڑیوں کی قیمتوں میں تقریباً 11 سے 12 فیصد، جبکہ بعض الیکٹرک اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں 20 سے 33 فیصد تک کمی ممکن ہے۔
پیٹرول گاڑیاں
1- سوزوکی آلٹو: 32 لاکھ سے کم ہو کر 28 لاکھ 45 ہزار روپے (تقریباً 3 لاکھ 55 ہزار روپے کی بچت)
2 – سوزوکی کلٹس: 43 لاکھ سے 38 لاکھ روپے (5 لاکھ روپے کی بچت)
3- ٹویوٹا یارس 1.5: 60 لاکھ سے 53 لاکھ روپے (7 لاکھ روپے کی کمی)
4- ایم جی ایچ ایس پیٹرول: 95 لاکھ سے 92 لاکھ روپے (3 لاکھ روپے کی کمی)
5- کیا اسپورٹیج: ایک کروڑ 22 لاکھ سے ایک کروڑ 11 لاکھ روپے (11 لاکھ روپے سستی)
الیکٹرک اور پلگ اِن ہائبرڈ گاڑیاں
1- وولنگ بنگو الیکٹرک: 40 لاکھ سے 27 لاکھ روپے (13 لاکھ روپے کی کمی)
2- ایک چھوٹی الیکٹرک گاڑی: 53 لاکھ سے 36 لاکھ روپے (17 لاکھ روپے کی ممکنہ بچت)
3- باوجن ییپ پلس الیکٹرک: 63 لاکھ سے 50 لاکھ روپے (13 لاکھ روپے کی بچت)
4- ایم جی ایچ ایس پلگ اِن ہائبرڈ: ایک کروڑ 3 لاکھ سے 90 لاکھ روپے (13 لاکھ روپے کی بچت)
5- ہیوال اے ڈبلیو ڈی پلگ اِن ہائبرڈ: ایک کروڑ 29 لاکھ سے ایک کروڑ 11 لاکھ روپے (18 لاکھ روپے کی بچت)
6- ٹویوٹا RAV4 پلگ اِن ہائبرڈ: 2 کروڑ 33 لاکھ سے ایک کروڑ 83 لاکھ روپے (50 لاکھ روپے کی ممکنہ بچت)
7- آٹو انڈسٹری کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق GAC Aion UT کی قیمت 64 لاکھ سے کم ہو کر 50 سے 52 لاکھ روپے ہو سکتی ہے، یعنی 12 سے 14 لاکھ روپے کی بچت۔ Jaecoo J7 PHEV ایک کروڑ سے کم ہو کر تقریباً 80 لاکھ روپے تک آ سکتی ہے، جو تقریباً 20 لاکھ روپے کی کمی ہے۔ Honda HR-V e، Haval Jolion اور Toyota Corolla Altis کے بعض منتخب ویریئنٹس کی قیمتوں میں بھی تقریباً 6 سے 8 لاکھ روپے کمی کا امکان ہے۔ BYD Atto 3 اور GAC Aion V جیسی الیکٹرک ایس یو ویز کو بھی پالیسی سے ممکنہ فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
قیمت بڑھنے کا امکان
ہر گاڑی سستی نہیں ہوگی۔ ٹویوٹا فارچیونر کی قیمت 2 کروڑ 5 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 17 لاکھ روپے ہو سکتی ہے، یعنی 12 لاکھ روپے کا اضافہ۔ 2 ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر اضافی لیوی اور ٹیکس کی وجہ سے قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔
یہ قیمتیں آٹو پالیسی کے پہلے سال کے تخمینوں پر مبنی ہیں، حتمی کمپنی قیمتیں نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سسٹم ری سیٹ کرنے کی خبریں ، وزیر اعظم شہباز شریف ، نواز شریف سے ملنے جاتی امرا پہنچ گئے











