لاہور(پنجاب پوسٹ)مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی صنعتی تعاون پنجاب کی معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور صنعتی شراکت داری سے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم ہوں گی۔
وہ لاہور ایکسپو سینٹر میں 24ویں انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل فیئر کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ تقریب کے دوران انہوں نے فیئر کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔
علی ڈار نے کہا کہ صنعتی ترقی، جدید ٹیکنالوجی اور مقامی مینوفیکچرنگ کا فروغ ملکی معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق مقامی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرکے عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنایا جا سکتا ہے، جس کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال اور پیداواری معیار میں بہتری بنیادی شرط ہے۔
انہوں نے برآمدات میں اضافے اور مقامی پیداوار کے فروغ کو مضبوط معیشت کی بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مقامی صنعت ترقی کرتی ہے تو روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں اور ملکی زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
مشیر وزیراعلیٰ نے کہا کہ بین الاقوامی نمائشیں مقامی صنعت کو عالمی ٹیکنالوجی، سرمایہ کاروں اور نئی منڈیوں سے جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ ایسے پلیٹ فارمز پر مقامی صنعت کار غیر ملکی کمپنیوں سے براہِ راست رابطہ کرکے کاروباری شراکت داری قائم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی جدت کے ذریعے پنجاب کی صنعتی صلاحیت اور برآمدی استعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت صنعتی شعبے کی معاونت اور سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
سیاسی سوال کے جواب میں علی ڈار نے کہا کہ مریم نواز شریف کے پنجاب میں کرپشن کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزام تراشی کرنے والے بھی جانتے ہیں کہ ان کے دعوے کھوکھلے ہیں۔












