سرکاری زمین پر قابض شخص کی اپیل مسترد، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ: ناجائز قابض کو زمین کے استعمال پر اعتراض کا حق نہیں

لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری زمین پر قابض شخص کی اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ حکومت اپنی ملکیتی زمین کے استعمال کا مقصد اپنی مرضی سے تبدیل کرنے کا اختیار رکھتی ہے، جبکہ ناجائز قابض کو اس پر اعتراض کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں۔

عدالتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سائل مسعود احمد کی اپیل پر دو رکنی بینچ نے جاری کیا۔ بینچ میں جسٹس چوہدری محمد اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیر شامل تھے۔ چھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس مزمل اختر شبیر نے تحریر کیا، جسے عدالتی نظیر کی حیثیت دی گئی ہے۔

کیس کا پس منظر یہ ہے کہ پاکپتن میں 76 کنال سرکاری زمین کی اسکیم تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جسے اپیل کنندہ نے چیلنج کیا۔ عدالت نے اسکیم کی تبدیلی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ اب یہ زمین لمبرداری اسکیم کے تحت دی جائے گی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سرکاری زمین پر ناجائز قابض شخص متاثرہ فریق کے زمرے میں نہیں آتا، اس لیے اسے زمین کی اسکیم یا اس کے استعمال میں تبدیلی پر اعتراض کا حق نہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ سرکاری زمین پر قبضہ بذاتِ خود کوئی قانونی حق پیدا نہیں کرتا۔

بینچ نے یہ بھی قرار دیا کہ پرانے عدالتی احکامات میں شامل عارضی نوعیت کی باتوں یا وقتی ریلیف سے قابض شخص کے حق میں کوئی مستقل حق جنم نہیں لیتا۔ عدالت نے سنگل بینچ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے اپیل مسترد کر دی۔قانونی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ سرکاری اراضی پر قبضے سے متعلق مقدمات میں اہم نظیر ثابت ہو گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے