لاہور (پنجاب پوسٹ) سپورٹس بورڈ پنجاب اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اشتراک سے ہاکی کا سامان اور کٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی تھے۔ تقریب میں لاہور ڈویژن کے 62 سکولوں کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے تقریب کے دوران 930 کھلاڑیوں میں ہاکی کٹس، ہاکیاں اور دیگر کھیلوں کا سامان تقسیم کیا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر سپورٹس ملک انوش کھوکھر، اولمپئن خواجہ جنید، محمد ثقلین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد بھی موجود تھے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا کہنا تھا کہ ہاکی کٹس کی تقسیم قومی کھیل کے فروغ کے لیے بہترین فیصلہ ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تمام ریجنز کے سکولوں میں ہاکی کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کے فروغ کے لیے ہم سب متحد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے ہاکی کے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، جبکہ سی ایم پنجاب یوتھ گیمز میں بھی ہاکی کا کھیل شامل ہے۔











