لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں رائیونڈ دوپہرکی اختتامی دعا اور شرکا کے انخلاء کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کل صبح 6 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رائیونڈ جانے والی تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔
رائیونڈ روڈ، پاجیاں موڑ، قزلباش چوک، موٹروے، ٹھوکر نیاز بیگ، بھوبتیاں چوک سے موہلنوال، سندر روڈ، مانگا روڈ، کوٹ رادھا کشن روڈ اور صوئے آصل روڈ پر شرکا کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلایا جائے گا۔
انخلاء کے دوران موٹروے اور رنگ روڈ سے رائیونڈ کی جانب ٹریفک کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ مختلف شاہراہوں پر روڈ کراسنگ بھی بند رہے گی۔ پہلے موٹر سائیکل اور رکشہ اسٹینڈز، اس کے بعد کار اور ویگن اسٹینڈز جبکہ آخر میں بس اور ٹرک اسٹینڈز خالی کروائے جائیں گے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی وارڈنز اور دفتری عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صبح 6 سے دوپہر ایک بجے تک رائیونڈ روڈ پر سفر سے گریز کریں۔
شہری ٹریفک سے متعلق رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔











