گجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) گجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں سی ایم پنجاب کرکٹ چیمپئنز لیگ کے مینز فائنل کی رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں لاہور نے ملتان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور لاہور قلندرز کے اونر عاطف رانا تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
فائنل میں ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ جواب میں لاہور نے زین الحسنین کی شاندار سنچری کی بدولت 19.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ زین الحسنین 119 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ ظفر نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان کے احمد نے 25 رنز دے کر ہیٹ ٹرک سمیت 5 وکٹیں حاصل کیں۔
تقریب کے دوران ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور عاطف رانا نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور گروپ فوٹوز بھی بنوائیں۔
اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا کہنا تھا کہ سی ایم پنجاب چیمپئنز لیگ کے ذریعے نئے کھلاڑی سامنے آئے ہیں، لیگ کے میچز ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور لاہور میں کھیلے گئے۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز میں کھلاڑیوں کو مفت تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
لاہور قلندرز کے اونر عاطف رانا نے کہا کہ سی ایم پنجاب چیمپئنز لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے بہترین ایونٹ منعقد کیا، انہوں نے بھی کامیاب ٹیموں اور کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔











