سیالکوٹ(پنجاب پوسٹ) سیالکوٹ میں تھانہ سمبڑیال پولیس نے سنار کے گھر سے لوٹا گیا 7 کروڑ روپے مالیت کا 2 کلوگرام سے زائد سونا بازیاب کر لیا، تاہم واردات میں ملوث ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق علی الصبح دو مسلح ملزمان سیڑھی لگا کر سنار کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر ملازم کو یرغمال بنا کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع ملتے ہی ڈی پی او دوست محمد نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور ڈی ایس پی سمبڑیال اور ایس ایچ او کو پولیس ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔
پولیس نے فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کرکے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ ترجمان کے مطابق پولیس کے تعاقب اور گرفتاری کے خوف سے ملزمان لوٹا گیا سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہوگئے، جسے سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے برآمد کر لیا۔
ڈی پی او دوست محمد کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے جاری ہیں۔ شہریوں اور تاجروں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔











