لاہور(پنجاب پوسٹ)پنجاب کے باقی ماندہ 20 اضلاع میں ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیوں کے قیام کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ اثاثہ جات اور عملے کی تقسیم کے لیے ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔
نئی ایجنسیوں کی تفصیلات
ذرائع کے مطابق بہاول نگر، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، چکوال اور اٹک میں نئی ایجنسیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ اسی طرح لیہ، راجن پور، قصور، پاکپتن، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لودھراں اور وہاڑی میں بھی ایجنسیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں میانوالی، بھکر، تلہ گنگ، کوٹ ادو، تونسہ اور وزیرآباد میں بھی ضلعی ہارٹی کلچر ایجنسیاں قائم کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور کی شاہراہوں پر موسمی پھولوں کی بہار، شہر کا حسن نکھر گیا
ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیمیں
اثاثہ جات اور عملے کی منتقلی و تقسیم کو منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیموں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ ہر ضلع میں پانچ رکنی ٹرانزیشن ٹیم متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کام کرے گی۔ ان ٹیموں میں متعلقہ ہارٹی کلچر ایجنسی کے منیجنگ ڈائریکٹر سمیت دیگر افسران بھی شامل ہوں گے۔
ڈی جی پی ایچ اے کی ہدایات
ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) احمد عثمان جاوید نے ٹرانزیشن ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ اثاثہ جات کی منتقلی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ نئی ایجنسیاں بلا تاخیر اپنا کام شروع کر سکیں۔
ڈی جی پی ایچ اے کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر نئی ایجنسیوں کو جلد از جلد فعال کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ضلع میں مقامی ماحول سے ہم آہنگ لینڈ اسکیپنگ اور بیوٹیفکیشن کے منصوبے شروع کیے جائیں گے، جس سے شہروں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو بہتر ماحول میسر آئے گا۔












