دھند میں موٹر ویز کی بندش،پنجاب بھر میں انٹرچینجز سے قبل آگاہی سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے

لاہور(پنجاب پوسٹ)دھند کے باعث موٹر ویز کی بندش کی صورت میں شہریوں کے قیمتی وقت اور ایندھن کی بچت کے لیے اب مرکزی شاہراہوں پر پیشگی آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ٹریفک حکام کے مطابق پنجاب بھر میں موٹر وے کے تمام داخلی و خارجی راستوں سے قبل موٹر وے کے بند یا کھلے ہونے سے متعلق سائن بورڈز آویزاں کیے جائیں گے، تاکہ شہری سفر شروع کرنے یا موٹر وے کی جانب رخ کرنے سے پہلے ہی صورتحال سے باخبر ہوں۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے موسم میں موٹر ویز اکثر اچانک بند کر دی جاتی ہیں، جس کے باعث شہری انٹرچینج پر پہنچ کر گھنٹوں پریشانی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے پنجاب بھر میں تمام انٹرچینجز سے پہلے ہی آگاہی بورڈ لگائے جا رہے ہیں۔

لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ، بابو صابو، سگیاں اور ایسٹرن بائی پاس سے پہلے سائن بورڈ نصب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کینال روڈ کی دونوں اطراف میں بھی آگاہی سائن بورڈز لگائے جائیں گے تاکہ شہری بروقت متبادل راستہ اختیار کر سکیں۔

ٹریفک حکام کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سائن بورڈ لگانے کے لیے موزوں مقامات (پوائنٹس) کو نمایاں کریں اور اس حوالے سے رپورٹ پیر تک ڈی آئی جی ٹریفک کو ارسال کریں۔

حکام نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران تمام سائن بورڈز کی تنصیب مکمل کر لی جائے گی۔

ٹریفک پولیس اور موٹر وے پولیس کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ٹریفک حکام کے مطابق دونوں ادارے اس گروپ کے ذریعے بروقت معلومات ایک دوسرے کو فراہم کریں گے۔

شہری موٹر وے یا دیگر ٹریفک سے متعلق تازہ ترین معلومات موٹر وے پولیس اور ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پیجز سے بھی فوری حاصل کر سکتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے