لاہور ٹریفک پولیس کی اسموگ کے خلاف اکتوبر میں ریکارڈ کارروائیاں، 67 ہزار 914 چالان جاری

لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے اکتوبر کے دوران بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف خلاف ورزیوں پر 67 ہزار 914 چالان جاری کیے۔ ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق ماہ اگست اور ستمبر کی اوسط کے مقابلے میں اکتوبر کے دوران اسموگ تدارک کارروائیوں میں 39 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فٹنس سرٹیفکیٹ کی خلاف ورزی پر 7 ہزار 272 چالان کیے گئے، جن میں 73 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جبکہ ترپال کے بغیر چلنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف 2 ہزار 166 چالان جاری کیے گئے، ان کارروائیوں میں 90 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 3 ہزار 993 چالان کیے گئے، جن میں 209 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اوورلوڈنگ اور اوور ڈائمینشن کی خلاف ورزی پر 54 ہزار 483 چالان جاری کیے گئے، ان کارروائیوں میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چاروں اقسام کی خلاف ورزیوں کے خلاف سال کی بلند ترین سطح پر انفورسمنٹ کارروائیاں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد پولیس کی بڑی کارروائی، رواں سال 5 ہزار 738 اشتہاری ملزمان گرفتار

ترجمان کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے ترپال کے بغیر چلنے والی 3 ہزار 46 گاڑیوں کو واپس بھجوا دیا گیا، جبکہ سنگین ٹریفک اور سیفٹی خلاف ورزیوں پر ایک ہزار 545 کمرشل گاڑیاں بند کروائی گئیں۔ پانی کا چھڑکاؤ نہ کرنے پر 18 تعمیراتی مقامات پر کام بند کروایا گیا، جنہیں احکامات پر عملدرآمد کے بعد دوبارہ کام کی اجازت دی گئی۔

کمرشل گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی لائی گئی، ٹریکٹر ٹرالیوں کی چیکنگ میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ رات کے وقت گاڑیوں کی نمایاں شناخت یقینی بنانے کے لیے 2 ہزار 357 ریفلیکٹو اسٹیکرز بھی چسپاں کروائے گئے۔ لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق اسموگ کے تدارک اور شہریوں کو صاف ماحول کی فراہمی کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے