میاں چنوں (پنجاب پوسٹ) تلمبہ پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کلو 660 گرام چرس برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق کارروائی اے ایس آئی وحید اقبال کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کی۔ ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر
ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی وحید اقبال، اے ایس آئی محمد آصف، عباس اشرف، مسلح اقبال اور ڈرائیور زاہد حسین سرکاری گاڑی نمبر پر معمول کی گشت کر رہے تھے۔ جب پولیس پارٹی چک 56 حیدرآباد پہنچی تو 18/8R سے آنے والی پختہ سڑک کے مغربی جانب ایک شخص پیدل آتا دکھائی دیا۔ پولیس کو دیکھ کر وہ اچانک پیچھے مڑ گیا۔ اس کے دائیں ہاتھ میں ایک سفید شاپر تھا۔ مشکوک جان کر اسے ہمراہیوں کی مدد سے قابو کر لیا گیا۔ پوچھنے پر اس نے اپنا نام و پتہ محمد اکرم ولد غلام محمد، قوم سمیجہ، سکنہ 19/8R بتایا۔
برآمدگی
ضابطے کے مطابق جامع تلاشی لینے پر ملزم کے دائیں ہاتھ میں پکڑے شاپر سے دو پیکٹ برآمد ہوئے۔ ان پر پیلے رنگ کی ٹیپ لپٹی ہوئی تھی اور ان میں سے برک بلیک براؤن رنگ کی چرس برآمد ہوئی۔پہلے پیکٹ سے 55 گرام اور دوسرے پیکٹ سے 28 گرام چرس بذریعہ کٹر علیحدہ نکال کر نمونے کے طور پر رکھی گئی۔
نمونہ جات اور باقی ماندہ مال و سفید شاپر کے پارسل سربمہر اسی "WI” سے تیار کر کے بطور وجہ ثبوت 1/1 مہر ثبت کی گئی اور قبضہ پولیس میں لے لیے گئے۔ اس کی فردِ مقبوضگی گواہان کی موجودگی میں مرتب کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے چرس برائے فروخت اپنے قبضے میں رکھ کر جرم کا ارتکاب کیا۔
مقدمے کا اندراج
ایف آئی آر کے مطابق اے ایس آئی وحید اقبال نے حیدرآباد چوکی میں 56 چک کے مقام پر سہ پہر 3:15 بجے تحریر مرتب کی، جو بدست مدثر اقبال (C/1428) تھانہ تلمبہ بھجوائی گئی۔ تھانے میں تحریر موصول ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا اور اصل تحریر بغرض تفتیش بدست خالد حسین، سب انسپکٹر کے سپرد کی گئی۔ ایف آئی آر پر دستخط FC اختر حسین (بیلٹ نمبر 490) کے ہیں۔
پولیس کا مؤقف
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور علاقے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔












