لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے یومِ شہدائے جموں کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں جموں کے شہدا کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کے جذبے کو سلام پیش کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ 6 نومبر 1947ء کو ڈوگرہ فوج نے نہتے کشمیری عوام کا بے رحمانہ قتلِ عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے جدوجہدِ آزادی کے لیے اپنی جانوں تک کی قربانی دی، جو تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کل بھی پاکستان کا تھا اور آج بھی پاکستان ہی کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی گراں قدر قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔











