علی ڈار کو پنجاب حکومت میں نیا عہدہ مل گیا ،اے آئی کے بعد اب بین الاقوامی تعلقات کے معاملات بھی دیکھیں گے

لاہور(پنجاب پوسٹ)مشیر وزیرِ اعلیٰ پنجاب علی ڈار کو بین الاقوامی تعاون کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے منصب کے بعد ان کا پورٹفولیو مشیر برائے مصنوعی ذہانت، بین الاقوامی تعاون و خصوصی اقدامات ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں بین الاقوامی روابط، تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے آفس آف انٹرنیشنل کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریشن (OICAC) کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ اس نئے ادارے کی سربراہی کی ذمہ داری علی ڈار کو دی گئی ہے۔ مزید برآں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (PBIT) کو بھی اس آفس کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔

علی ڈار نے کہا کہ آفس آف انٹرنیشنل کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریشن پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور عالمی شراکت داری کے فروغ کے لیے مرکزی کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق پنجاب کے عالمی سطح پر معاشی روابط کو مضبوط بنانا اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ سے پنجاب میں کاروباری سرگرمیوں، روزگار اور معاشی ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔ بین الاقوامی اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مؤثر روابط کے ذریعے صوبے کی معاشی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔

علی ڈار کا کہنا تھا کہ یہ آفس مختلف سرکاری محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنا کر عالمی شراکت داریوں کو عملی معاشی منصوبوں میں تبدیل کرے گا۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عالمی تجارتی روابط کو وسعت دینے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

دریں اثنا، آفس آف انٹرنیشنل کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریشن کا پہلا اجلاس علی ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ محمد منتہا اشرف اور ڈائریکٹر جنرل انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ڈاکٹر سہیل سلیم نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر علی ڈار نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے لیے عالمی سرمایہ کاری، تجارت اور بین الاقوامی تعاون کے نئے امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے