پنجاب کے ہر تھانے میں درج مقدمے اور جرائم کا ڈیٹا صرف ایک کلک پر، پنجاب حکومت کا سمارٹ پولیسنگ سسٹم کیا ہے؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ اب ضلع، سرکل اور تھانہ سطح پر جرائم کا ڈیٹا ایک کلک پر دستیاب ہوگا، جبکہ ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی کارکردگی کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ، ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر کارروائی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلے پنجاب میں شفافیت، جوابدہی اور مؤثر امن و امان کے قیام کو مضبوط بنائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی ایم کرائم سرویلنس یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر کرائم سرویلنس یونٹ کے سربراہ عثمان طاہر نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ نظام ضلع، سرکل اور پولیس سٹیشن کی سطح پر سمارٹ پولیسنگ کی بنیاد فراہم کرے گا۔ اب پنجاب کے ہر تھانے میں تازہ ترین جرائم کا مکمل ڈیٹا ایک کلک پر سامنے آجائے گا۔

اس نظام کے تحت ڈی پی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت پولیس افسروں کی کارکردگی کا باقاعدہ تجزیہ کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے افسروں کی جوابدہی یقینی بنے گی اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کیے جا سکیں گے۔ ہر شہری کی شکایت یا درخواست کا بروقت ازالہ ممکن ہوگا، جبکہ تاخیر کی صورت میں متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔

کرائم سرویلنس یونٹ میں 20 مختلف کیٹگریز کے جرائم کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔ یونٹ میں موجود ماہرین فوری ڈیٹا اینالیسس رپورٹس تیار کریں گے تاکہ جرائم کے رجحانات کو سمجھ کر بروقت حکمت عملی بنائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ یونٹ سوشل میڈیا پر قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق قابلِ اعتراض پوسٹس کی نشاندہی بھی کرے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آئی جی پنجاب پولیس سے اصلاحات کا پلان طلب کر لیا۔
پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ کے ڈیٹا کا درست اور مؤثر استعمال یقینی بنانے کا حکم دیا۔
ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر کی شکایات پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
پولیس کے بارے میں منفی پروپیگنڈا پر فوری رسپانس دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ پنجاب کو ہر قسم کے جرائم سے پاک کرنا چاہتی ہیں اور کرائم سرویلنس یونٹ کے قیام کا مقصد جرائم کے خاتمے کی مہم کو مؤثر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اچھے برے لوگ ہر جگہ ہوتے ہیں، لیکن پوری فورس پر تنقید درست طرزِ عمل نہیں ہے۔ چند لوگوں کی وجہ سے پولیس کی مجموعی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگانا غلط ہے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں مؤثر اصلاحات کی وجہ سے جرائم کی شرح میں کمی کا تاریخی رجحان سامنے آیا ہے، جو ایک خوش آئند امر ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے