لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور کے علاقے چوہنگ میں سی سی ڈی کے مبینہ مقابلے کے دوران زیر حراست ملزم مارا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم زیر حراست ملزم عرفان کو ریکوری کے لیے لے کر جا رہی تھی کہ چوہنگ کے قریب اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر زیر حراست ملزم عرفان شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم عرفان دو درجن سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا۔ اس کے خلاف قتل، ڈکیتی اور اقدامِ قتل سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات درج تھے۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو ان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔ دوسری جانب ہلاک ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔












