لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت لوکل روڈ پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعمیر شدہ شاہراہوں کے ڈیش بورڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور فیلڈ فارمیشن کے افسران نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو لوکل روڈ پروگرام کے ڈیش بورڈ پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 1567 شاہراہیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ اس منصوبے کے لیے 76 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے تعمیر شدہ شاہراہوں کا مکمل ڈیٹا آج رات تک ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رات 12 بجے تک 40 شاہراہوں کا ڈیٹا فوری اپ ڈیٹ کرنے کا حکم دیا۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے لوکل روڈ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر فیلڈ فارمیشن کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ شاہراہوں کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی تعمیر شدہ شاہراہوں کی مناسب دیکھ بھال ترجیحی بنیادوں پر کی جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کی شاہراہیں عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں، تعمیر شدہ سڑکوں کی دیکھ بھال اور معیار برقرار رکھنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔












