لاہور: ( پنجابب پوسٹ ) مجرم کتنا ہی شاطر کیوں نہ ہو، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔ اسلام آباد اور لاہور پولیس کو گزشتہ 6 سال سے مطلوب فراڈیہ ملزم بالآخر ڈولفن سکواڈ کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق مجاہد سکواڈ نے ناکہ این ایل سی پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم ہارون کو حراست میں لیا۔ ملزم کو پبلک ٹرانسپورٹ سے ای پولیس پوسٹ ایپ کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف اسلام آباد اور لاہور کے 5 تھانوں میں فنانشل کرائم کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ ملزم نے کئی شہریوں سے لین دین اور رقوم کی مد میں فراڈ کی نیت سے بوگس چیک دیے تھے، جس کے باعث وہ طویل عرصے سے پولیس کو مطلوب تھا۔
یہ بھی پڑھیں : تھانہ بخشن خاں کی حدود میں پولیس مقابلہ، 1 ملزم زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار
گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ چوہنگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ تھانوں کی پولیس کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ فنانشل کرائم کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ای پولیس ایپ جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے، جس کی مدد سے اب تک درجنوں اشتہاری قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں۔










