لاہور(پنجاب پوسٹ) دورانِ ڈیوٹی شہری سے کھانے کے لیے پیسے مانگنے کے الزام میں پولیس کے تین اہلکاروں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ہونے والے اہلکاروں میں فیاض، فرحان اور احمد مصطفی شامل ہیں۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے برکت مارکیٹ میں ایک شہری کو روکا اور اس سے کھانے کے لیے پیسوں کا مطالبہ کیا۔ شہری کی شکایت پر محکمانہ سطح پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تینوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے نتائج کی روشنی میں مزید قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا مؤقف
ڈی آئی جی آپریشنز نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ شہریوں کی عزت اور پولیس فورس کے وقار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی میں ملوث اہلکار بھی قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے اور وردی کو ذاتی مفاد کے حصول کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا۔
فیصل کامران کا بیان
فیصل کامران نے کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور احتساب کا عمل جاری رہے گا۔










