لاہور(پنجاب پوسٹ) سابق اہم پی اے شبیر گجر، خالد گجر اور طارق گجر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ڈیرے پر چھاپے کے دوران پولیس پارٹی پر حملے کے مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی۔ ملزمان ٹرائل میں حاضری کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ شبیر گجر کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔
دوران سماعت وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ شبیر گجر جناح ہاؤس حملہ کیس میں زیر حراست ہے۔ ملزمان نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے لیے بھی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عدالت نے درخواست پر آئندہ سماعت پر فریقین سے دلائل طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی 23 نومبر تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ مقدمے میں شبیر گجر، خالد گجر، عادل محمود، طارق گجر، فاروق اور علی رمضان سمیت 12 ملزمان نامزد ہیں۔ عدالت اس سے قبل ملزمان پر فرد جرم بھی عائد کر چکی ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق شبیر گجر، خالد گجر اور طارق گجر پر ڈیرے پر چھاپے کے دوران پولیس پارٹی پر حملے کا الزام ہے۔ خالد گجر اور طارق گجر، پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے شبیر گجر کے بھائی ہیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ رائے ونڈ میں مقدمہ نمبر 551/24 درج ہے۔













