لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ترجمان کے مطابق 16 اکتوبر سے اب تک 155 کامیاب آپریشنز کیے گئے، جن میں 175 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا اور 969 کلو گرام منشیات کی ترسیل ناکام بنا دی گئی۔
ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 62 کلوگرام ہیروئن پکڑی گئی۔ اس کے علاوہ منشیات فروشوں سے 21 کلوگرام آئس، 172 کلوگرام چرس، 566 کلوگرام بھنگ اور 135 کلوگرام پوست کا بھوسہ بھی برآمد ہوا۔
انسداد منشیات کارروائیوں میں ملزمان سے 43 پستول، 7 رائفلیں اور 3 مشین گنز بھی قبضے میں لی گئیں۔ سی این ایف کی 16 اکتوبر سے اب تک کی کارروائیوں میں ضبط شدہ منشیات کی تخمینی مالیت 17 کروڑ 40 لاکھ 60 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:داتا دربار پولیس کی کارروائی، دو رکنی متحرک ڈکیت گینگ گرفتار
ترجمان نے بتایا کہ اگست 2025 سے اب تک فورس مجموعی طور پر 27.2 ٹن منشیات ضبط کر چکی ہے، جس کی تخمینی مالیت 2 ارب 70 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔
ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے منشیات سے پاک پنجاب کے ویژن کی تکمیل تک یہ مشن جاری رہے گا۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات فروشوں سے تحفظ کے لیے ہیلپ لائن 1012 پر اطلاع دیں۔











