وہاڑی (پنجاب پوسٹ) وہاڑی کے علاقے ماچھیوال میں سکول سے چھٹی کے بعد گھر جانے کے منتظر بچوں اور وین ڈرائیور پر نامعلوم شخص نے تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں دو بچے وحید اور وقاص جبکہ وین ڈرائیور تصور اقبال معمولی جھلس گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال اور ڈی ایس پی صدر عمران خورشید موقع پر پہنچ گئے۔ ڈی پی او نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور متاثرہ بچوں اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کرکے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔
یہ بھی پڑھین: لاہور: جیلانی پارک میں پی ایچ اے کی جانب سے شہریوں کے لیے یوگا سنٹر
پولیس کے مطابق متاثرہ افراد کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کی شناخت شکیل کے نام سے ہوئی ہے، جس کی وین ڈرائیور کے ساتھ پرانی رنجش بتائی جا رہی ہے۔
ڈی پی او وہاڑی کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔











