لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس میں ہیڈ کانسٹیبلز کے انٹرمیڈیٹ کلاس کورس 2026 کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے کورس کے حوالے سے اہم مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام ریجنز، اضلاع اور پولیس یونٹس سے اہل ہیڈ کانسٹیبلز کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔
مراسلے کے مطابق کورس کے لیے اہل مرد و خواتین ہیڈ کانسٹیبلز کی الگ الگ تعداد، سینیارٹی لسٹ اور پہلے سے کورس کوالیفائی کرنے والے اہلکاروں کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تمام اضلاع اور یونٹس سے اے ایس آئیز کی منظور شدہ، تعینات اور خالی آسامیوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
آئی جی پنجاب آفس نے اہل ہیڈ کانسٹیبلز کی کورس میں شمولیت سے متعلق قواعد و ضوابط اور پالیسی کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں۔ تمام متعلقہ افسران کو معلومات مقررہ فارمیٹ میں فوری فراہم کرنے اور سینیارٹی لسٹ میں کسی بھی غلطی یا بے ضابطگی سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اہلکاروں کی سینیارٹی میں کسی بھی غلطی یا بے ضابطگی کی ذمہ داری متعلقہ افسران پر عائد ہوگی، جبکہ انٹرمیڈیٹ کلاس کورس 2026 کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔










