لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی ونگ نے موثر کارروائیاں جاری کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر کے انکے وطن واپس بھجوا دیا ہے۔
اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 28 لاکھ 7 ہزار 250 افغان باشندے وطن واپس بھجوائے گئے ہیں اور پنجاب سے 1 لاکھ 43 ہزار 474 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا۔حکومتِ پاکستان کی واضح پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر تمام افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی ہے۔
غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ سینٹرز میں لایا جاتا ہے۔پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں جن میں 153 افغان شہری موجود ہیں۔ ہولڈنگ سینٹرز میں غیر قانونی افغان باشندوں کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں،غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔
کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں اور مارکیٹس میں 4 لاکھ سے زائد سرچ آپریشن کیے گئے۔غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے والے 803 افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج ہوا۔
اعداد و شمار حکومتِ پنجاب کی مؤثر حکمتِ عملی اور فعال انتظامی اقدامات کے عکاس ہیں۔افغان شہریوں کی واپسی کے قومی مشن میں تمام پاکستانیوں کا تعاون درکار ہے۔افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناخت کی جعلسازی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دیں۔
15 پر اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جاتی ہے۔واضح رہے کہ کارروائی صرف غیر قانونی طور پر مقیم باشندوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کا فارن نیشنل سکیورٹی ونگ صوبہ بھر میں مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن کر رہا ہے










