لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ تعلیم نے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) کے ذریعے سکولوں کی مانیٹرنگ انٹیگریٹڈ یونیفائیڈ مانیٹرنگ ایپ کے ذریعے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق ایپ 2 نومبر 2026 سے فعال کر دی گئی ہے، جس میں پیما، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پیف کے تمام سکولوں کو مانیٹرنگ سسٹم میں شامل کیا گیا ہے۔
پیف کے تحت آؤٹ سورسڈ اور پرائیویٹ سکول بھی مانیٹرنگ کے دائرے میں آ گئے ہیں۔ ہدایات کے مطابق ہر اے ای او ہر ورکنگ ڈے پر کم از کم ایک سکول کا دورہ کرے گا، جبکہ اپنے مرکز کے ہر سکول کا مہینے میں کم از کم ایک مرتبہ دورہ کرنا لازمی ہوگا۔ صرف ایپ میں ریکارڈ کیے گئے دوروں کو ہی شمار کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اے ای اوز کی رپورٹس ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز (DEAs) کی مانیٹرنگ اور مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس (MEAs) کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے استعمال ہوں گی۔ ضلعی رینکنگ بھی صرف ایپ میں ریکارڈ شدہ دوروں اور مقررہ اشاریوں پر کارکردگی کی بنیاد پر مرتب کی جائے گی۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ مانیٹرنگ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے متعلقہ افسران کا احتساب کیا جائے گا اور عدم تعمیل کی صورت میں قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔










