لاہور (پنجاب پوسٹ) جماعتِ اسلامی لاہور نے ایل پی جی کی قیمتوں میں بے جا اضافے اور شہر میں بڑھتی ہوئی سموگ پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیا ہے۔ مرکزی دفتر میں پبلک ایڈ کمیٹی لاہور کے صدر قیصر شریف اور سیکرٹری جنرل شاہد نوید ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:فارم 47 کی حکومت نے مہنگائی اور غربت کے ریکارڈ توڑ دیے،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی
گھریلو ایل پی جی سلنڈر ساڑھے تین ہزار سے بڑھ کر سات ہزار روپے تک پہنچ چکا ہے، جبکہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کچڑا ٹیکس کسی صورت قابل قبول نہیں، شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کیے بغیر نئے ٹیکس عائد کرنا ناانصافی ہے۔
ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ لاہور میں صاف پانی اور سیوریج کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے، پچاس سال پرانی لائنیں تبدیل اور شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔انہوں نے سموگ کے خاتمے کے لیے مستقل ماحولیاتی پالیسی بنانے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور سموگ کنٹرول کے لیے مختص ایک سو تئیس ارب روپے کے فنڈز کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ بھی کیا ان کا کہنا تھا کہ عوام پر مزید ٹیکس لگانے کے بجائے حکمران مہنگائی، شہری مسائل اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں۔












