لاہور (پنجاب پوسٹ) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں مالی شفافیت یقینی بنانے کے لیے پہلی بار ادارے کے مالیاتی گوشواروں کا بین الاقوامی معیار (IFRS) کے تحت آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے آڈٹ کے لیے عالمی معیار کی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ آڈٹ فرم کا انتخاب میرٹ اور پی پی آر اے (PPRA) قوانین کے مطابق کیا جائے گا، جبکہ تمام کارروائی شفاف بنانے کے لیے ای پیڈز پورٹل کے ذریعے مکمل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سیف سٹی کی عالمی دھاک،دبئی ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2026 میں تین کیٹیگریز میں ٹاپ فائیو
وفاقی وزیر کے مطابق ایس او ای ایکٹ 2023 کے تحت پاکستان ریلوے میں مالیاتی کنٹرول اور شفافیت کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ آزاد آڈٹ رپورٹ کی بنیاد پر سخت فیصلے کیے جائیں گے۔
محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ادارے کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا اور بدعنوانی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم خود پاکستان ریلوے کے معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ ادارے کو مالی طور پر خود مختار بنانا بھی حکومت کے منصوبوں میں شامل ہے۔











