لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور سڑکوں پر خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ون ویلرز کو گرفتار کر لیا، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے حوالات میں بند کر دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایئرپورٹ سرکل میں رات گئے خصوصی کارروائی کی گئی۔ ون ویلرز ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر نکلتے اور پولیس کو دیکھ کر فرار ہو جاتے تھے۔ ڈیفنس موڑ پر ناکہ بندی اور کومبنگ آپریشن کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت حمزہ اور گلزیب کے نام سے ہوئی ہے، جن کے خلاف تھانہ ساؤتھ کینٹ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ کارروائی کے دوران سی بی ڈی بلیوارڈ، ڈیفنس بلیوارڈ، فیز 6 اور کینال روڈ پر خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی تھیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق فرار ہونے والے ون ویلرز کے خلاف بھی سوشل میڈیا اور گرفتار ملزمان کی مدد سے کارروائی کی جائے گی۔ ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور اسپیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران 124 ون ویلرز کے خلاف مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں۔ سڑکوں پر ہلڑ بازی، روڈ ریج اور خوف و ہراس پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔











