لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس کی مؤثر حکمت عملی کے باعث شہر میں ٹریفک جام کی شکایات میں 25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اکتوبر 2026 کے دوران ٹریفک جام سے متعلق پولیس ہیلپ لائن 15 پر موصول ہونے والی کالز اگست اور ستمبر کے مقابلے میں کم ہو گئیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق سموگ کی روک تھام کے لیے بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور رانگ پارکنگ کے خلاف کارروائیوں سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی۔ اگست اور ستمبر کے دوران ٹریفک کے دباؤ والے مقامات اور ہیلپ لائن کالز کا جائزہ لے کر اکتوبر میں نئی حکمت عملی اپنائی گئی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اکتوبر کے دوران شہر کی اہم شاہراہوں، مارکیٹوں اور ٹریفک کے دباؤ والے مقامات پر 16 ہزار گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز اور سڑکیں بلاک کرنے پر 180 مقدمات درج کروائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز، بس اڈوں اور ہورڈنگ پوائنٹس کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کی موجودگی بڑھائی گئی جبکہ رات کے وقت اہم چوکوں اور سڑکوں پر ٹریفک وارڈنز کی ڈیوٹیاں بھی بڑھا دی گئیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق رانگ پارکنگ کے خاتمے، اضافی نفری کی تعیناتی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جس سے شہریوں کو ٹریفک جام سے ریلیف مل رہا ہے۔










