لاہور (پنجاب پوسٹ) اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2026 کے لیے پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ عبدالصمد ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا۔
اعلان کردہ سکواڈ میں حسن نواز، معاذ صداقت، شامل حسین، حیدر علی، شاہزیب خان اور فرحان یوسف شامل ہیں، جبکہ روحیل نذیر وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
اسپن باؤلنگ کے لیے دانش عزیز، سعد مسعود اور سفیان مقیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فاسٹ باؤلرز میں محمد حسنین، عمران رندھاوا، عاکف جاوید اور احمد دانیال جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ قومی ٹیم 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات، 22 نومبر کو بھارت اے اور 24 نومبر کو نیپال کے خلاف میدان میں اترے گی۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 26 اور 27 نومبر جبکہ فائنل 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان شاہینز اپنا پہلا میچ ڈے کے وقت کھیلے گی، جبکہ باقی تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس کی دفاعی چیمپئن ہے۔ رواں سال ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔










