لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق دفتر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے شہریوں کی شکایات کو تفصیل سے سنا اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری میں اوورسیز پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شکایت کنندگان کی پیشی
کھلی کچہری میں خواتین شہریوں رباب ادریس، گلشن بی بی، سمیرا اظہر، شہزادی اجمل اور انور بی بی نے اپنے مقدمات کی تفتیش سے متعلق شکایات پیش کیں۔ اسی طرح کاشف اعجاز، محمد سلیم، نعیم اسلم، شکیل مسیح اور قمر حیات بھی اپنے مقدمات کی تفتیش کے سلسلے میں پیش ہوئے۔ ان کے علاوہ بھی کافی تعداد میں شہری اپنی شکایات لے کر آئے۔
یہ بھی پڑھیں:سیف سٹی نیکسٹ جن سیفٹی ایپ کی بروقت کارروائی، قصور کے 26 سالہ نوجوان کی جان بچا لی
موقع پر احکامات
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے ہر شہری کی بات توجہ سے سنی اور موقع پر ہی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ تفتیش سے متعلق چند شکایات پر اپنے دفتر کے اے ڈی آئی جی کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ناقص تفتیش پر کارروائی
ناقص تفتیش کے مرتکب پائے جانے پر چند کیسز کو تبدیلیٔ تفتیش بورڈ میں مارک کیا گیا، جبکہ متعلقہ تفتیشی افسران کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے۔
ایس پیز کو براہِ راست ہدایات
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ڈویژنل ایس پیز انویسٹی گیشن کو ٹیلی فون کالز کر کے متعلقہ مقدمات کی تفتیش کے بارے میں فوری احکامات دیے۔
ڈی آئی جی کا مؤقف
اس موقع پر سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے عوام الناس کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے، اور عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
افسران کو ہدایت
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ دفتر آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔











