لاہور (پنجاب پوسٹ) ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کے فکری و روحانی جانشینوں نے اپنی جوانی اور طالب علمی سمیت زندگی کا بہترین حصہ اللہ کے دین کی سربلندی اور اقامتِ دین کی جدوجہد کے لیے وقف کیے رکھا۔ ان کی زندگیاں مقصد سے وابستگی، اخلاص اور ثابت قدمی کی روشن مثال ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسکنِ سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ، زیلدار پارک اچھرہ لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے سابق ناظمین حافظ سلمان بٹؒ، میاں مقصود احمدؒ، امیر العظیمؒ اور حافظ محمد ادریسؒ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے اسلامی جمعیت طلبہ کی صورت میں ایک ایسی فکری و تربیتی اکیڈمی قائم کی جس نے تحریکِ اسلامی کے لیے بہترین افرادِ کار تیار کیے۔ سابق ناظمینِ لاہور اسی اکیڈمی کے روشن ستارے ہیں، جن کی جدوجہد اور خدمات سے آج بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔ تاریخ ہمیشہ ان شخصیات کو یاد رکھتی ہے جو اپنی زندگیاں کسی عظیم مقصد اور مشن کے لیے وقف کر دیتی ہیں۔ چاروں سابق ناظمین تحریک کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں، جنہوں نے جمعیت میں کیے گئے عہد کو آخری دم تک نبھایا۔
تعزیتی ریفرنس سے مشیر امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، سابق ناظمِ لاہور عطاء اللہ چوہدری، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، اسد منظور بٹ، سینئر صحافی حفیظ اللہ نیازی، ذکر اللہ مجاہد، ڈاکٹر اشتیاق احمد گوندل، جبران بٹ، طلحہ ادریس، یاسر معراج، فصیح عظیم اور ناظمِ لاہور عبداللہ عباس نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے چاروں سابق ناظمین کی زندگی اور خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ تحریکِ اسلامی کے ایسے کارکن اور رہنما تھے جنہوں نے اپنی جوانی سے آخری سانس تک اقامتِ دین، اسلامی نظام کے قیام اور نسلِ نو کی تربیت کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
تقریب میں سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ ابوذر غفاری، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل حسن امین، ڈائریکٹر ادارہ مطبوعاتِ طلبہ ہدایت الرحمٰن حسن، سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ لاہور سیف الاسلام اور اسسٹنٹ سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان رومان ایوب سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر چاروں مرحوم رہنماؤں کے درجات کی بلندی، خدمات کی قبولیت، لواحقین کے لیے صبر و استقامت اور تحریک کے روشن مستقبل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔













