لاہور (پنجاب پوسٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے کشمیر میں داخل ہو کر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، جو 79 سال گزرنے کے باوجود برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی قبضے کے خلاف لازوال جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی حق خودارادیت کی تحریک کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر و پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔ سید علی گیلانی کا نعرہ ’’ہم پاکستانی، پاکستان ہمارا‘‘ ہمارے قومی جذبات کا ترجمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے کشمیر کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ کشمیری عوام غاصبانہ قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہم کشمیر سے بھارتی قبضہ ختم کرا کے دم لیں گے۔










