لاہور (پنجاب پوسٹ) محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں برطانوی شہری کی حیثیت سے شامل ہوگئے۔محمد عامر اس وقت انگلینڈ میں مقیم ہیں اور برطانوی شہریت بھی حاصل کر چکے ہیں۔ڈرافٹ کی فہرست میں محمد عامر کے ملک کی شہریت برطانیہ جبکہ رہائش پاکستان لکھی گئی ہے۔محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں پلاٹینم کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔افغانستان پریمیئر لیگ کا ڈرافٹ 3 نومبر کو دبئی میں منعقد ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: قائد اعظم ٹرافی کے گولڈ اور سلور کے سکواڈز اور شیڈول کا اعلان
محمد عامر نے پاکستان کی جانب سے آخری انٹرنیشنل میچ جون 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق برطانوی شہریت کے باعث محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پی سی بی سے این او سی کی ضرورت نہیں ہوگی۔کرکٹ ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں 30 سے زائد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی رجسٹریشن کروائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے افغانستان پریمیئر لیگ کیلئے قومی کرکٹرز کو این او سی نہ دینے کا فیصلہ کررکھا ہے۔محمد عامر کی آئی پی ایل میں رجسٹریشن کا بھی امکان ہے۔ماضی میں پاکستانی نژاد سابق کرکٹر اظہر محمود بھی برطانوی پاسپورٹ پر آئی پی ایل کھیل چکے ہیں۔













