لاہور (پنجاب پوسٹ) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے نیدرلینڈز کے جعلی وزٹ ویزوں پر بیرون ملک روانہ ہونے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو پکڑ کر ان کا سفر ناکام بنا دیا۔ دونوں کو آف لوڈ کرکے مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق قیصر منیر ولد منیر احمد اور علی حسن ولد منظور احمد نے قطر ایئرویز کی پرواز QR-629 کے ذریعے نیدرلینڈز جانا تھا۔ امیگریشن کاؤنٹر پر دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران دونوں کے پاسپورٹس پر لگے نیدرلینڈز کے وزٹ ویزے جعلی نکلے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دونوں مسافروں نے گجرات کے رہائشی ایجنٹ چوہدری عدنان اکمل ورک سے ویزے کا سودا فی کس 40 لاکھ روپے میں طے کیا تھا۔
اس رقم میں سے دونوں نے 20، 20 لاکھ روپے ایڈوانس کے طور پر ایجنٹ کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کیے۔ ایک مسافر کے موبائل فون سے رقم کی منتقلی کے شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں، جو مقدمے میں اہم ثبوت ثابت ہو سکتے ہیں۔
امیگریشن حکام نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے بعد مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے سپرد کر دیا۔ اب ایجنٹ کے کردار، رقم کی ترسیل اور جعلی ویزوں کی تیاری میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جائے گا۔
ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے واضح کیا ہے کہ جعلی ویزوں، غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ترجمان کے مطابق ایسے عناصر نہ صرف پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ حقیقی اور قانونی مسافروں کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک جانے کے لیے صرف قانونی ذرائع اختیار کریں اور غیر مستند ایجنٹوں سے ہوشیار رہیں۔











