سرگودھا: ( پنجاب پوسٹ )پنجاب حکومت کے سپورٹس کیلنڈر کے تحت سرگودھا ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ تائیکوانڈو اور کراٹے چیمپئن شپ 2026 جمنیزیم میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔
چیمپئن شپ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی سرپرستی میں ڈویژنل سپورٹس آفس کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ اس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا، بھکر، خوشاب اور میانوالی کے کھلاڑیوں نے مختلف ویٹ کیٹیگریز میں حصہ لیا۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر جنرل چوہدری شاہد محمود تھے۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
چیمپئن شپ میں تائیکوانڈو اور کراٹے کے گرلز اور بوائز مقابلوں میں کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ اور سلور میڈلز اپنے نام کیے۔مقابلوں کے اختتام پر منعقدہ تقریب میں کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔
ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب مارشل آرٹس کے فروغ کے لیے نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ایسے مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جو مستقبل میں پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کرے گا۔










