بہن اور بھابھی کا جرم ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانا، بھائی قتل کرکے فرار ، پولیس نے کیسے گرفتار کیا؟

شیخوپورہ (پنجاب پوسٹ)تھانہ صدر مریدکے پولیس نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے تنازع پر بہن اور بھابھی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے لالہ موسیٰ سے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ 11 اکتوبر 2026 کو دوپہر تقریباً 2 بجے نواحی گاؤں ننگل کسوالہ میں پیش آیا۔

مقدمہ نمبر 1387/26 مقتولہ مریم کے والد کی مدعیت میں تھانہ صدر مریدکے میں درج کیا گیا، جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 اور 34 شامل ہیں۔ ایف آئی آر دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر درج ہوئی۔

مدعی کے مطابق ان کی بیٹی مریم کی شادی تقریباً ایک سال قبل لقمان ولد سیف سے ہوئی تھی۔ وہ اپنی بیٹی سے ملنے اس کے سسرال گئے تو وہاں مریم کا شوہر لقمان، سسر سیف، اور جیٹھ عدنان موجود تھے۔ مدعی کا کہنا ہے کہ ملزمان مریم کے موبائل فون اور ٹک ٹاک کی وجہ سے اسے برا بھلا کہہ رہے تھے۔ اس دوران عدنان نے پستول نکالا، اور سیف اور لقمان نے اسے مریم پر فائر کرنے کو کہا۔

مقدمے کے متن کے مطابق عدنان کی فائرنگ سے مریم اور عدنان کی بہن زینب شدید زخمی ہو گئیں۔ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی خواتین کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دونوں راستے میں دم توڑ گئیں۔

مدعی نے ملزمان عدنان، لقمان اور سیف کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست دی۔ مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر محمد طاہر خان کے سپرد کی گئی۔ دوہرے قتل کے بعد فرار ہونے والے ملزم عدنان کو پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر کے لالہ موسیٰ سے گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے