لاہور (پنجاب پوسٹ) پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیوں اور تبادلوں کے عوض مبینہ رشوت لینے اور دینے کے الزام میں تین اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل فاروق پر کانسٹیبلز سے ڈیوٹیوں اور تبادلوں کے عوض مبینہ رشوت لینے جبکہ کانسٹیبل عمران اور کانسٹیبل اسماعیل پر رشوت دینے کا الزام ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے تینوں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ آر آئی گاردات انسپکٹر محمد عمران کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں بھتہ خوری اور پولیس آرڈر 2002 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہری ہوں یا پولیس اہلکار، کسی کو بھی رشوت ستانی کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ رشوت لینے والا ہو یا دینے والا، کوئی بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔
فیصل کامران کے مطابق پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیوں اور تبادلوں کی خرید و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تعیناتیوں کو کمائی کا ذریعہ بنانے والوں کے لیے محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں، جبکہ اہلکاروں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔









