فیصل آباد (پنجاب پوسٹ) فیصل آباد پولیس نے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے اور نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے 14 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات اور شراب برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ساڑھے 9 کلوگرام سے زائد چرس، 5 کلوگرام بھکی، ایک کلوگرام سے زائد ہیروئن اور بھاری مقدار میں شراب برآمد ہوئی ہے۔ برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت لاکھوں روپے بتائی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان میں علی حمزہ، خرم، الیاس، معظمہ، مطلوب، ایاز اور ذیشان جاوید سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سی پی او فیصل آباد نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جا سکیں۔









