لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ہیڈ کوارٹر میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ تقریب میں تقاریر ہوئیں، کشمیری اور پاکستانی ترانے پڑھے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر تھے۔ زیر تربیت کیڈٹس نے کشمیری اور پاکستانی ترانے اخوت اور ملی جذبے کے ساتھ پڑھے اور تقاریر بھی کیں۔
ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کا ہر بچہ اور جوان کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا واحد حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہے۔ انہوں نے کشمیر میں انڈین افواج اور انڈین حکومت کے غیر قانونی اقدامات کی پاکستانی قوم کی جانب سے مذمت کی اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے لوگ صبحِ آزادی دیکھیں گے۔
تقریب کا اختتام "کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعروں، قومی ترانے اور کشمیر کے ترانے پر ہوا۔









