حافظ آباد (پنجاب پوسٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا اور ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ پنڈی بھٹیاں، کالیکی منڈی، سٹی ایریا سمیت ضلع بھر میں جاری کارروائیوں کے دوران رواں ماہ 1 ہزار 326 فوڈ پوائنٹس اور سپلائرز کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 4 لاکھ 50 ہزار لیٹر دودھ کا بھی معائنہ کیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق قوانین کی خلاف ورزی پر 101 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 12 لاکھ 37 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے، ایک مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ 9 یونٹس بند کر دیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں ممنوعہ اور ایکسپائر اشیائے خورونوش بھی موقع پر تلف کر دی گئیں۔
ترجمان کے مطابق مختلف مقامات پر معائنے کے دوران پروسیسنگ ایریاز میں انتہائی گندگی اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔ بعض مقامات پر مکسنگ ایریاز سے بدبو آ رہی تھی، جبکہ پروسیسنگ سیکشن میں ٹوٹے ہوئے فرش پر گندا پانی موجود تھا۔ اس کے علاوہ ضروری ٹیسٹنگ ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل ریکارڈ بھی موجود نہیں پائے گئے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دودھ، گوشت اور بنیادی اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ فوڈ بزنس آپریٹرز پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر موجود قوانین سے آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دودھ استعمال کرنے سے قبل اس کی مفت ٹیسٹنگ کروائیں اور ملاوٹ یا ناقص خوراک کی فروخت سے متعلق شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔









