لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں سموگ پر قابو پانے اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائیاں تیز کر دیں۔ سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے پنجاب بھر میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ 7 روز کے دوران 2 ہزار 419 ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ایک ہزار 236 جرمانے اور 796 وارننگز جاری کی گئیں۔
سیف سٹی ترجمان کے مطابق دھواں چھوڑنے والی ایک ہزار 280 گاڑیوں کی نشاندہی کرکے ای چالان جاری کیے گئے۔ اسی طرح بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی ایک ہزار 238 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 639 کو جرمانے اور 469 کو وارننگز جاری کی گئیں۔
کارروائیوں کے دوران باربی کیو پوائنٹس اور چمنیوں سے دھوئیں کے اخراج کی 129 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں، جن پر 121 وارننگز جاری کی گئیں۔ اینٹوں کے بھٹوں سے دھوئیں کے اخراج کے 33 واقعات سامنے آئے، جن میں سے 21 کیسز مزید کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کو بھجوا دیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ریلوے کے 172 غیر فعال انجنوں کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کا فیصلہ
ترجمان کے مطابق صنعتی آلودگی کے 21 واقعات کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 19 کیسز کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کو ارسال کیے گئے۔ فصلوں کی باقیات جلانے کے 6 واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے، جن پر ایک مقدمہ درج کیا گیا جبکہ 4 کیسز متعلقہ محکموں کو بھجوا دیے گئے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سموگ کے خلاف جدید کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے متعلقہ اداروں کے اشتراک سے کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔









