لاہور (پنجاب پوسٹ) سیشن کورٹ کی منشیات عدالت نے منشیات فروش گروہ سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہونے کے کیس میں ملزم نوید خان کو 20 سال قید اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
کیس کی سماعت منشیات کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج صابر سلطان پاشا نے کی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ باغبان پورہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جبکہ ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 34 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی تھی۔ ملزم صائم ممتاز سے 25 کلو چرس اور 9 کلو افیون برآمد ہونے پر بھی عدالت نے سزا کا حکم سنایا۔
ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر عابد وقار بھٹی کی نگرانی میں پراسیکیوٹر فلک شیر رانجھا نے کیس میں گواہان عدالت میں پیش کیے اور ٹھوس شواہد پیش کیے۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ملزمان کے خلاف تمام تر شواہد موجود تھے۔ عدالت نے سرکاری گواہان کی گواہی کی روشنی میں سزا کا فیصلہ سنایا۔









