گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے محکمانہ احتساب کے سلسلے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 13 افسران و اہلکاروں کو سخت سزائیں دے دی ہیں۔
ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق رشوت لے کر اقدامِ قتل کے اشتہاری ملزم کو چھوڑنے پر سابق ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن انسپکٹر محمد سرور کو عہدے میں تنزلی کر کے سب انسپکٹر بنا دیا گیا، جبکہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر جاوید اقبال کو ہیڈ کانسٹیبل بنا دیا گیا۔ اسی کیس میں کانسٹیبل ارسلان کو محکمے سے برخاست کر دیا گیا۔
اختیارات سے تجاوز اور ذاتی لالچ کی خاطر ملزمان کو چھوڑنے پر ہیڈ کانسٹیبل معظم امین، کانسٹیبلان احسن رضا اور عاطف سہیل کو ڈسمس فرام سروس کر دیا گیا۔
اسپیشل لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی سے غیر حاضری پر 6 افسران و ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا گیا، جن میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد عرفان، ہیڈ کانسٹیبل یاسر اقبال، کانسٹیبلان ذیشان علی، عطاء اللہ، محمد حسیب اور عثمان اعجاز شامل ہیں۔ مسلسل غیر حاضری پر کانسٹیبل محمد نعیم کو بھی ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ کرپٹ اور نااہل افسران کے لیے فورس میں کوئی جگہ نہیں اور ڈسپلن کے معاملے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں خود احتسابی کا عمل جاری رہے گا اور محکمے کی بدنامی کا باعث بننے والے افسران و ملازمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔









