لاہور (پنجاب پوسٹ)کمشنر لاہور نعمان یوسف نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیا گیا۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ کشمیری آج بھی آزادی جیسی عظیم نعمت سے محروم ہیں، تاہم وہ جلد اپنی منزل پائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ظلم و جبر سے کشمیری جلد نجات پائیں گے، کیونکہ ظلم کی رات ختم ہو کر رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں غلامی کی زنجیریں ضرور ٹوٹیں گی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔
نعمان یوسف نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ عالم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو ان کے حقِ خودارادیت سے محروم نہیں کر سکتی۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ پاکستانی قوم نہتے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور بہادر کشمیریوں کو ان کی جدوجہد پر سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حقِ آزادی کے لیے ہر سطح پر ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔









