لاہور (پبجاب پوسٹ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے سری نگر پر قبضہ کر کے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور خودمختاری کو پامال کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے بھارتی دہشت گردی اور مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کیا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی طاقت پاکستان کو کشمیریوں سے الگ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ پاکستانی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
گورنر پنجاب نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ سمیت عالمی ادارے بھارت کے غیر قانونی قبضے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔









