لاہور (پنجاب پوسٹ)پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کے کھلاڑیوں نے ایشین اینڈ ورلڈ ماسٹر گرینڈ پرکس ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2026 اور 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 13 میڈلز اپنے نام کر لیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کے کھلاڑیوں نے ایشین ورلڈ ماسٹر گرینڈ پرکس ویٹ لفٹنگ میں 11 جبکہ نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 2 میڈلز جیتے۔ پاکستان پولیس کے مرد و خواتین ایتھلیٹس اور ویٹ لفٹرز نے مجموعی طور پر 8 گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز میڈلز حاصل کیے۔ چیمپئن شپ میں آرمی، واپڈا، پاکستان نیوی، ایئر فورس، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے ٹیموں نے حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: یوم سیاہ کشمیر، بھارتی تسلط کے خلاف شرقپور شریف میں ضلعی انتظامیہ کی احتجاجی ریلی
ویٹ لفٹرز مجید، محمد رضوان، زبیر اور ارم خانم نے دو، دو گولڈ میڈلز جیتے۔ ندیم نے دو سلور جبکہ بلال نے ایک برونز میڈل اپنے نام کیا۔ ایتھلیٹکس میں محمد احمد نے میراتھن اور مبشر نے 3 ہزار میٹر ریس میں برونز میڈل حاصل کیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کھلاڑیوں کو شاندار کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قومی و بین الاقوامی ایونٹس میں کامیابیاں سمیٹ کر محکمے کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور چیف سپورٹس آفیسر ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے بھی فاتح کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔









